ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں الیکشن امور سے آگاہی کے سلسلے میں ضلع ایبٹ آباد کے مختلف گرلز کالجز میں سیمینار منعقد کرنےکا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ جس میں طالبات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان اور الیکشن مراحل کے بارے میں آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔اس سلسلے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ملک پورہ ایبٹ آباد میں سیمینارکا انعقاد کیا گیا ۔
جس میں طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔طالبات نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے تقاریر کیں ۔ضلعی الیکشن کمشنر ایبٹ آباد ذیشان خان نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے ملک کے اندر اچھی طرز حکمرانی اور ووٹ کا درست اندراج اور شفاف ووٹر لسٹوں کے لیے 8300 کی سروس کے بارے میں آگاہی فراہم کیں۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی کارکردگی اور کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔اورالیکشن ووٹنگ اور رزلٹ کی تیاری کے بارے میں آگاہی فراہم کی ۔طالبات کے الیکشن کے دوران پائے جانے والے مسائل اور تحفظات کے بارے میں سوالات پر الیکشن کمشنر ذیشان خان نے تمام سوالات کے جامع انداز میں جوابات دیئے۔سیمینار کے اختتام پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ملک پورہ کی پرنسپل میڈم صائمہ نے الیکشن کمیشن کے سیمینارز کو سراہتے ہوئے بچوں کو الیکشن کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ دوسرے لوگوں تک پہنچائیں ۔ طالبات میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔