اسلام آباد:
عازمینِ حج کو بہترین سروس کی فراہمی بینکوں کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ یہ بات وزیر مذہبی امور انیق احمد نے حج 2024 کے لیے درخواستوں کی وصولی کے حوالے سے بینک افسران کے تربیتی سیشن کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ تفصیلات کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی کے عمل کیلئے وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے نامزد پندرہ بینکوں کے افسران کی جامع تربیت کا آغاز گذشتہ روز کراچی میں ہوا۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے تربیتی سیشن کے افتتاح کے موقع پر بینک افسران سے خطاب کیا اور کہا کہ عازمینِ حج کو بہترین سروس کی فراہمی بینکوں کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے وزارتِ مذہبی امور کے ساتھ ہمیشہ تعاون کرنے پر بینکوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور نے حج فارم کو عازمینِ حج کے لیے مزید آسان کر دیا ہے ۔
اس سال عازمینِ حج کی مزید بہتر خدمت کرنے کیلئے ایک موبائل ایپ متعارف کروا رہے ہیں ۔ اس موبائل ایپ سے عازمینِ حج کو مکمل معلومات فراہم کی جاتی رہیں گی۔ موبائل ایپ کی بدولت کوئی حاجی گم نہیں ہو سکے گا۔ ملک بھر کے 15 نامزد بینکوں کی شاخوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز 27 نومبر سے ہو جائے گا۔
انیق احمد نے سمندر پار پاکستانیوں سے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مقدس فریضہ کی ادائیگی کیلئے پاکستان سے تشریف لے جائیں۔ سپانسرشپ سکیم میں ڈالرز میں ادائیگی سے بہت ہی باکفایت حج پیکیج حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے سمندر پار پاکستانی عبادت کے ساتھ ساتھ ریاست کو بھی مضبوط بنائیں اور ڈالرز میں ادائیگی کریں ۔ آپ کی سہولت کیلئے پہلی مرتبہ شارٹ حج پیکیج کا اجراء کیا گیا ہے۔