بلال محمد خان(پیرس)
فرانس کی جانی پہچانی شخصیت مرزا خالد بشیر نمائندہ اے آر وائی نیوز کے پوتے ریان محمد کے عقیقہ کی تقریب کا اہتمام فرانس کے نواحی علاقے ویلیر لوبیل کے مقامی ریسٹورنٹ میں ھوا۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان پیرس کے افسران اور پاکستانی کیمیونٹی نے شرکت کی ،تقریب کا آغاز حمد و نعت سے کیا گیا۔
حافظ عمران نذر نے عقیقہ کے موضوع پر مختصر خطاب کرتے ھوئے کہا کہ عقیقہ سنت رسول مقبول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، بیٹے یا بیٹی کی پیدائش کے سات دن کے اندر یہ فریضہ انجام دینا ہوتا ھے،
بیٹے کے لئے دنبہ اور بیٹی کے لئے بکری قربان کرنا مستحب ہے۔ عقیقہ کے گوشت میں مستحب یہ ہے کہ قربانی کے گوشت کی طرح اس کے تین حصے کیے جائیں، یعنی ایک حصہ اپنے لیے رکھنا، ایک حصہ عزیز و اقارب میں تقسیم کرنا اور ایک حصہ فقراء میں تقسیم کرنا مستحب ہے، اور اس گوشت سے دعوت کرنا بھی جائز ہے اور ایسی دعوت میں شریک ہونا بھی جائز ہے۔
عقیقہ کے ساتھ یہ بھی مسنون ہے کہ اس دن بچے کا کوئی مناسب اسلامی نام رکھا جائے، نیز اس کے سر کے بال صاف کیے جائیں اور اس کے بال کے وزن کے برابر سونا، چاندی یا اس کی قیمت صدقہ کرنا مستحب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی مجبوری کی وجہ سے یہ رسم سات دن تک ادا نہ کی جا سکے تو جب بھی مالی حالات اجازت دیں بچوں کا عقیقہ کر لینا چائیے،خطاب کے اختتام پر حافظ عمران نذر نے ریان محمد کی صحت وسلامتی کے لیے دعا فرمائی۔ تمام مہمانوں کی گرما گرم کھانوں سے تواضع کی گئی جو اپنی مثال آپ تھی تقریب کے آخر میں وارثی برادران نے تمام آئے ھوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔