اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد چاہتے ہیں: لبنانی وزیرِ اعظم
لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے جمعے کے روز اقوامِ متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل اور ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کے درمیان "فوری” جنگ بندی کے لیے ایک قرارداد منظور کرے۔
ایک ٹیلی ویژن خطاب میں میقاتی نے اسرائیل کے ساتھ سرحد پر فوج کی تعیناتی کے لیے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا اور کہا، حزب اللہ اس معاملے پر متفق ہے۔ یہ تعیناتی دشمنی کے خاتمے کا ایک حصہ ہو گی۔
میقاتی نے کہا، لبنان کی وزارتِ خارجہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایک قرارداد جاری کرنے کو کہے گی جس میں "مکمل اور فوری جنگ بندی” کا مطالبہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا، ان کی حکومت "قرارداد 1701 کے مکمل اطلاق” کے لیے پرعزم ہے جو 2006 میں منظور کی گئی تھی۔ انہوں نے تقاضہ کیا ہے کہ لبنانی فوج اور اقوامِ متحدہ کی امن فوج ملک کے جنوب میں تعینات واحد مسلح افواج ہوں۔
انہوں نے کہا، لبنان "جنوب میں فوج کی تعیناتی اور سرحد کے ساتھ اپنی موجودگی کو تقویت دینے کے لیے پرعزم ہے۔” انہوں نے مزید کہا، حزب اللہ اس معاملے پر متفق ہے۔