سعودی فوڈ چین البیک پاکستان میں انٹری کے لیے تیار
مقبول سعودی فوڈ چین طویل انتظار کے بعد پاکستان میں آغاز کرنے والی ہے۔ جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق فوڈ چین کے حکام اور گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (جی او) کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
جدہ میں 1974 میں قائم ہونے والا البیک چرغے کے لیے مشہور ہے اور سعودی عرب، بحرین اور دیگر خطوں میں 120 سے زیادہ شاخیں چلاتا ہے۔
البیک نے پاکستانی تارکینِ وطن اور کاروبار یا مذہبی مقاصد کے لیے مملکت کا سفر کرنے والوں میں مداحوں کی ایک بہت بڑی تعداد جمع کر لی ہے۔
توانائی کی ایک سرکردہ کمپنی جی او کے ساتھ اشتراک پاکستان میں البیک کے آغاز اور موجودگی کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے جہاں لوگوں کو اس کے داخلے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
پاکستانی فرم کے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا گیا،٦ "سعودی مملکت کے وژن 2030 کی عکاسی کرنے والے ایک اہم قدم کے تحت سعودی وزارتِ سرمایہ کاری کی سرپرستی میں سعودی کمپنی البیک اور پاکستانی کمپنی جی او کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔”
نیز کہا گیا، "اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد اسلامی جمہوریہ پاکستان میں البیک ریستوران قائم کرنے اور چلانے کے لیے ایک تزویری شراکت داری قائم کرنے کے امکانات تلاش کرنا ہے جو پاکستان میں کمپنی کی توسیعی حکمتِ عملی کے ایک حصہ ہے۔”