وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کی ملاقات؛ پاکستان اور سعودی عرب کا معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا عزم

فیس بک
ٹویٹر
وٹس ایپ
WhatsApp Image 2024-10-30 at 13.56.29_2bed1698

ریاض: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو سمٹ کے موقع پر ملاقات کی، جہاں انہوں نے سعودی وژن 2030 کی تعریف کرتے ہوئے اسے پاکستان کے کلیدی پالیسی مقاصد کے عین مطابق قرار دیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق، دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں پاکستان آنے والے اعلیٰ سطحی سعودی وفد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران طے پانے والے ایم او یوز نے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے

علاوہ ازیں، وزیر اعظم نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ پاکستان کی مدد پر سعودی عرب کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور فیوچر انوسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بے پناہ تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دہائیوں پر محیط مذہبی اور ثقافتی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، اور یہ ملاقات دونوں ممالک کے اس دیرینہ رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں