جدہ میں قائم اسلامک ڈویلیپمنٹ بینک نے پاکستانی خاتون فرح فاروق کا دیرینہ خواب پورا کر دیا، جو اپنے خاندان کی پہلی خاتون ڈاکٹر بن گئی ہیں۔ فرح نے 2000 میں داؤ میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کی تعلیم شروع کی تھی لیکن ازدواجی ذمہ داریوں کی بنا پر تعلیمی سفر ادھورا چھوڑنا پڑا۔ اس کے بعد سے انہیں اپنی تعلیم ادھوری رہنے پر شدید افسوس اور ڈپریشن کا سامنا رہا۔
اسلامک ڈویلیپمنٹ بینک اور ایجوکاسٹ کے "ای-ڈاکٹر پروگرام” نے فرح سمیت دیگر ہزاروں خواتین ڈاکٹروں کو اپنی تعلیم دوبارہ مکمل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس پروگرام میں داؤ میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون اور حکومتِ پاکستان کی سرمایہ کاری نے ایک اہم کردار ادا کیا۔
فرح نے 2021 میں دوبارہ میڈیکل فیلڈ میں قدم رکھا اور اب اپنے گھر میں کلینک کھول کر اپنے خواب کو عملی شکل دی ہے۔ فرح کا کہنا ہے کہ یہ سفر ان کے لیے جذباتی طور پر نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ایجوکاسٹ کے ای-ڈاکٹر پروگرام کو ایک روشن مستقبل کی طرف پہلا قدم قرار دیا ہے، جس نے ان کی زندگی کو بیس سال بعد دوبارہ تعلیم سے جوڑ دیا۔
اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کی وہ خواتین ڈاکٹرز جنہوں نے کسی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی، اب اپنے خوابوں کو پورا کر رہی ہیں اور انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔