رپورٹ:سارہ عمر
سعودی عرب میں موسم الریاض کے تحت جاری عالمی ثقافتی میلے میں "پاکستان کلچرل ویک” کا انعقاد کیا گیا، جس نے پاکستانی ثقافت، موسیقی اور فنون لطیفہ کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 13 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس ثقافتی فیسٹیول کا مقصد مختلف ممالک کی تہذیب و ثقافت کو دنیا کے سامنے لانا اور بین الاقوامی سطح پر ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔
رواں سال، موسم الریاض کے تعاون سے منعقد کیے گئے اس کلچرل ویک میں 30 اکتوبر سے 2 نومبر تک پاکستان کے خصوصی ہفتے کا اہتمام ہوا، جس میں نامور پاکستانی فنکاروں، کرکٹرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔ تقریب کا افتتاح سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کیا اور پاکستان کے فنکاروں اور شرکاء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان کلچرل ویک میں عاصم اظہر، علی ظفر، ینگ اسٹنرز، خماریاں بینڈ اور دیگر فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ علی ظفر کے کنسرٹ میں 1.3 لاکھ شائقین کی شرکت نے نیا ریکارڈ قائم کیا، جس نے نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر ممالک کے شائقین کو بھی متاثر کیا۔ ایونٹ میں کرکٹر شعیب ملک، شاداب خان اور سرفراز احمد نے بھی شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی سے ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے زیر اہتمام علاقائی رقص اور لوک موسیقی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے بہت سراہا۔ دیگر سرگرمیوں میں ٹرک آرٹ، دیسی کھانوں کے اسٹالز، مہندی، چوڑیوں اور روایتی ملبوسات کے اسٹالز بھی شامل تھے۔ دیوان ریسٹورنٹ اور دیگر اسٹالز پر بریانی، قلفی اور گول گپے جیسے پاکستانی کھانے عوام کی توجہ کا مرکز بنے۔
اس شاندار ایونٹ کی میزبانی معروف پاکستانی اینکر انوشے اشرف اور سعودی میزبان سلمان قریشی نے کی۔ ان کی طنز و مزاح سے بھرپور میزبانی کو بے حد سراہا گیا۔
موسم الریاض کا یہ ایونٹ 49 دنوں تک جاری رہے گا اور اس کا مقصد سعودی عرب میں مختلف ممالک کی کمیونٹیز کو ایک دوسرے کے ثقافتی ورثے سے روشناس کروانا ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اس قسم کے ایونٹس کا انعقاد جاری رہے گا، جس سے عالمی سطح پر ہم آہنگی اور مختلف ثقافتوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔