پاکستانی عازمین کے لیے خوشخبری: سرکاری حج پیکیج کی قیمت اور پالیسی جلد منظور ہونے کا امکان

فیس بک
ٹویٹر
وٹس ایپ
image

اسلام آباد: پاکستانی عازمین حج کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں حج پالیسی 2025 کی منظوری متوقع ہے، جس میں سرکاری حج پیکیج کی قیمت اور دیگر اہم تفصیلات پر بات ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج شام ہونے والے کابینہ اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملکی معاشی اور امن و امان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آئینی و قانونی امور زیر بحث آئیں گے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی منظوری کے لیے دوبارہ کابینہ میں پیش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، 2025 کے حج پیکیج کی قیمت 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کے حج کوٹے کے مطابق ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حج کوٹہ سرکاری اور نجی اسکیموں میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔ مزید برآں، حج پالیسی میں اسپانسرشپ اسکیم کی تجویز بھی شامل ہے۔ اس پالیسی کے تحت حج کے دورانیے کو دو اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے: طویل دورانیہ 38 سے 42 دن اور مختصر دورانیہ 20 سے 25 دن۔ عازمین کے لیے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔

پاکستانی عازمین کو سرکاری حج پیکیج کی حتمی قیمت اور دیگر تفصیلات کے لیے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلے کا انتظار ہے

متعلقہ خبریں