ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فالکن کرکٹ کلب نے نئے کرکٹ سیزن کے آغاز کی مناسبت سے کرکٹ کٹس تقسیم کرنے کی ایک شاندار تقریب منعقد کی۔ اس موقع پر کرکٹ کے شائقین، کھلاڑیوں اور کلب کے عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں مہمان خصوصی پاکستان ایگزیکٹو فورم کے صدر منیر احمد شاد تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں کرکٹ کے میدان میں کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کا مقصد کھلاڑیوں کو نیا سیزن شروع ہونے سے قبل تیار کرنا اور ان میں کٹس تقسیم کر کے ان کے حوصلے بلند کرنا تھا۔ ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او ندیم بابر اور فالکن کلب کے عہدیداروں نے کھلاڑیوں کو ذاتی طور پر کٹس پیش کیں۔ اس موقع پر کلب کے کپتان فرحان الخاری نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کے کھیل کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور حکومتی تعاون سے یہ نوجوانوں میں خاصہ مقبول ہو چکا ہے۔
فرحان الخاری نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ سعودی کرکٹ کا مستقبل روشن ہے اور وہ دن دور نہیں جب سعودی عرب آئی سی سی کا حصہ بنے گا۔ تقریب میں شریک عہدیداروں نے کرکٹ سیزن کے لیے ایک روڈ میپ بھی ترتیب دیا جس میں کھیل کی مزید ترقی کے لیے اقدامات طے کیے گئے۔
کھلاڑیوں نے اس تقریب کو سعودی کرکٹ کی ترقی میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سعودی کرکٹ کو عالمی سطح پر بلند کرنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔ اس تقریب نے سعودی عرب میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے ایک نئی سمت کا تعین کیا ہے، جہاں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے