جدہ (نورالحسن گجر) –
ہوپ آف اوورسیز سعودیہ کے زیرِ اہتمام چیئرمین ہوپ، مہران زیب تارڑ کے اعزاز میں جدہ میں ایک پرتکلف عشائیے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر چیئرمین کے اعزاز میں منعقد ہوئی، جس میں ہوپ کے عہدیداران، اہم شخصیات، اور تنظیم کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے محفل کی رونق کو دوبالا کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب، چوہدری اظہر وڑائچ تھے، جبکہ کویت سے بورڈ ممبر چوہدری عقیل دانش گوندل، ایڈوائزر ٹو چیئرمین باہوآنہ حسنین انور گوندل، اور سجاد احمد تارڑ کی خصوصی شرکت نے تقریب کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔
ہوپ آف اوورسیز سعودیہ کے صدر شہباز احمد گوندل، سرپرستِ اعلیٰ حاجی عرفان اسلم گوندل، جنرل سیکرٹری شہریار گوندل، سینئر نائب صدر فیروز تارڑ، نائب صدر ولید مشتاق گوندل، صدر مکہ صاحب رانجھا، اور دیگر عہدیداروں نے چیئرمین مہران زیب تارڑ کو عمرہ کی سعادت پر مبارکباد پیش کی اور تنظیم کے مستقبل کے حوالے سے تجاویز کا تبادلہ کیا۔ چیئرمین نے شرکاء کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیتے ہوئے اعتماد جیتا اور تنظیم کے آئندہ منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
شرکاء نے تقریب کے دوران ہوپ آف اوورسیز کے عزم کو سراہا اور تنظیم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیئرمین مہران زیب تارڑ نے شرکاء کے اعتماد اور محبت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ تقریب نہ صرف تنظیم کے ارکان کی حوصلہ افزائی کا باعث بنی بلکہ ہوپ آف اوورسیز سعودیہ کی مضبوط بنیادوں کو مزید مستحکم کرنے کا ذریعہ بھی ثابت ہوئی۔