ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے 66 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار عمرہ زائرین کی میزبانی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ میزبانی حج، عمرہ، اور زیارت کے لیے خادم حرمین شریفین کے خصوصی پروگرام کے تحت 1446ھ کے دوران چار گروپوں میں کی جائے گی، جس کی نگرانی اور عملدرآمد وزارت اسلامی امور کرے گی۔
وزارت اسلامی امور کے وزیر اور شاہ سلمان پروگرام کے نگران شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اس اقدام پر شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی اس کوشش کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنے خرچ پر سکون اور سہولت کے ساتھ حج، عمرہ، اور زیارت کی عبادات انجام دینے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
یہ پروگرام مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور سعودی قیادت کے جذبۂ خدمت کو اجاگر کرتا ہے، جس کی عالمی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔