مکہ مکرمہ (نورالحسن گجر سے): لاہور کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت ارشاد حسین نے مکہ مکرمہ میں رکن صوبائی اسمبلی، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب، اور سابق وزیر رانا محمد ارشد کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ عشائیے میں ڈپٹی اٹارنی جنرل چوہدری امتیاز الٰہی، اسسٹنٹ جنرل راجہ ضمیر الدین، رانا عرفان، اور پاکستان حج مشن مکہ سے رضا خان سمیت مکہ اور جدہ کی اہم کاروباری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے ارشاد حسین نے مہمانوں کا استقبال کیا اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے رانا محمد ارشد کی عوامی خدمات اور پارٹی کے لیے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
رانا محمد ارشد نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی ڈیسک کے قیام سمیت دیگر اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سخت معاشی حالات کے باوجود حکومت ملکی مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کچھ عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے انتشار پھیلا رہے ہیں، جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ رانا ارشد نے کسانوں پر ٹیکس کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس پہلے بھی موجود تھا لیکن اب اسے فصل کی پیداوار کے مطابق لاگو کیا جا رہا ہے۔
تقریب میں چوہدری اقبال گجر، چوہدری الطاف حسین، میاں محمد زبیر، چوہدری غلام مصطفیٰ، ظفر گجر، چوہدری احمد، اور چیئرمین پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل چوہدری نورالحسن گجر سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی اور رانا محمد ارشد کو عمرہ کی مبارکباد پیش کی۔