ریاض (سارہ عمر): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلی بار پاکستانی فیشن ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا، جس نے دونوں ممالک کے ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ریاض فیشن کوچر کے زیر اہتمام یہ تقریب پاکستانی فیشن انڈسٹری کی عالمی سطح پر پذیرائی اور جدت کا مظہر ثابت ہوئی۔
اس نمائش میں پاکستان کے مشہور فیشن ڈیزائنرز ایچ ایس وائی، دیپک پروانی، نبیلہ، فہد حسین، عائشہ عمران، اور عمر فاروق نے اپنے جدید اور تخلیقی ملبوسات اور جیولری پیش کیں۔ ان کے منفرد ڈیزائنز نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا اور پاکستانی فیشن کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔
تقریب کی خاص بات معروف پاکستانی اداکارہ سجل علی کی شرکت تھی، جنہوں نے ڈیزائنرز کی تخلیقات کو سراہتے ہوئے اسٹالز کا دورہ کیا۔ ان کی موجودگی نے ایونٹ کی رونق میں اضافہ کر دیا، اور شرکاء نے ان کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق نے بھی تقریب میں شرکت کی اور ڈیزائنرز کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا،
"یہ نمائش پاکستانی ثقافت اور فیشن انڈسٹری کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کا بہترین موقع ہے۔ یہ ایونٹ سعودی عرب میں پاکستانی فیشن کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔”
ایونٹ کے منتظمین، عدنان بشیر، تبسم، شرمین احسان، اور عائشہ نے اسے پاکستانی فیشن انڈسٹری کی کامیابی کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا،
"یہ تقریب پاکستانی ملبوسات اور ثقافت کی خوبصورتی کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کے ہمارے وژن کا مظہر ہے۔”
تقریب میں سعودی شہریوں اور دیگر ممالک کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے نہ صرف پاکستانی مصنوعات کی تعریف کی بلکہ ان کی خریداری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ اس سے پاکستانی ڈیزائنرز کے لیے بین الاقوامی سطح پر نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔
تقریب کے اختتام پر حاضرین نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں اس طرح کے مزید ایونٹس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا، تاکہ دونوں ممالک کے ثقافتی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔