جدہ(نورالحسن گجر سے )
جدہ: پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری (پی اے ای آئی) کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے سالانہ دوسری پاکستان انویسٹمنٹ سمٹ اور سمارٹ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ایونٹ سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان سے 21 کمپنیوں نے شرکت کی۔ ان کمپنیوں کا تعلق مختلف شعبوں بشمول ٹریولنگ، ٹورزم، پراپرٹی اور دیگر صنعتی شعبوں سے تھا۔
اس نمائش میں پاکستانی اور سعودی تاجروں، سرمایہ کاروں، اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کے چیئرمین فہد خورشید برلاس کے خطاب سے ہوا، جنہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس بات پر زور دیا کہ پی اے ای آئی کی کوشش ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور اس نمائش کا مقصد ان مواقع سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
پاکستانی اور سعودی تاجر اس ایونٹ کے انعقاد کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی نمائش پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومتوں کی کوششوں کو تقویت دے گی اور اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ شرکاء نے اس اقدام کو مثبت پیشرفت کے طور پر دیکھا اور اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کی نمائشیں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنائیں گی۔
نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے سربراہان نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید ترغیب دینے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک میں معاشی ترقی کو مزید فروغ مل سکے۔
تقریب کے اختتام پر نمائش میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جنہوں نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی اس تقریب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اور قدم اٹھایا ہے۔