اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اوورسیز پاکستانیوں کو پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ تمام اوورسیز پاکستانی جو ایڈوانس ٹیکس میں چھوٹ کے خواہاں ہیں، اپنا نائیکوپ یا نان ریزیڈنٹ ہونے کا ثبوت ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں گے۔
طریقہ کار کے تحت، ثبوت آئی آر آئی ایس سسٹم میں اپ لوڈ ہونے کے بعد ایک عارضی پی ایس آئی ڈی (PSID) جاری کیا جائے گا۔ یہ ریکارڈ متعلقہ چیف کمشنر کو بھیجا جائے گا، جو درخواست کی تصدیق کریں گے۔ تصدیق کے بعد، 24 گھنٹے کے اندر درخواست گزار کو ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ آیا وہ ٹیکس چھوٹ کے اہل ہیں یا نہیں۔
ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے