شہباز شریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی ڈی 8 سربراہی اجلاس میں اہم ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کے درمیان ڈی 8 کے سربراہی اجلاس میں ملاقات ہوئی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش نے پاکستان سے آنے والے سامان کے 100 فیصد فزیکل معائنہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ، ڈھاکا ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی جانچ پڑتال کے لیے قائم خصوصی سیکیورٹی ڈیسک اور پاکستانی ویزا درخواست دہندگان کے لیے اضافی کلیئرنس کی شرط بھی ختم کر دی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے عوامی رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت کو تسلیم کیا اور ان میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔