جدہ:(نورالحسن گجر سے )
پاکستانی قونصلیٹ میں کرسچن کمیونٹی نے کرسمس کا تہوار بھرپور جوش و خروش اور مذہبی جوش کے ساتھ منایا۔ اس تقریب میں کرسچن ویلفیئر سوسائٹی کے اراکین، مرد، خواتین، اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل جدہ خالد مجید تھے۔
تقریب کا آغاز مذہبی دعائیہ کلمات سے ہوا۔ کرسچن کمیونٹی کے صدر جان گلزار نے وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو ہمیشہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اپنی مذہبی تقریبات کے انعقاد میں مکمل تعاون حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور کشمیر سے اپنی محبت کا بھی اظہار کیا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا:
"حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور ان کی کتاب پر ایمان کے بغیر ہمارا مذہب مکمل نہیں ہوتا۔”
انہوں نے مسیحی برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب سے پیٹرک فلک شیر، پاسٹر فرانس، اور دیگر سرکردہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ ان شخصیات میں مسلم لیگ (ن) کے چئیرمین چوہدری اکرم گجر، پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے صدر چوہدری تصور حسین، قائم مقام چیئرمین کشمیر اوورسیز کمیونٹی سردار اشفاق احمد خان، ڈاکٹر خالد، اور میاں رضوان الحق شامل تھے۔ تمام مقررین نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔
تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک کاٹا گیا، بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے، اور روایتی گیت پیش کیے گئے، جس نے جشن کے ماحول کو مزید رنگین بنا دیا۔