مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلوانے میں سنجیدگی دکھائے: سردار وقاص عنایت
جدہ (نورالحسن گجرسے) – جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے سابق چیئرمین سردار وقاص عنایت نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو اپنی آنکھیں کھولنی ہوں گی اور مظلوم کشمیریوں کی آواز بننا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، جن پر عالمی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتیں کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن ہو۔
سردار وقاص عنایت نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے، اور اس صدی میں پیدا ہونے والے بچے اپنی نسلوں کو افواجِ پاکستان کی بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی داستانیں سنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہے۔