سعودی عرب میں ,معرکہ حق بنیان مرصوص……

فیس بک
ٹویٹر
وٹس ایپ
WhatsApp Image 2025-05-16 at 9.24.41 PM

سعودی عرب میں “معرکہ حق بنیان مرصوص” کی کامیابی پر یومِ تشکر کی پروقار تقریب کا انعقاد

ریاض سے رپورٹ (حافظ عرفان کھٹانہ )

سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے میں “معرکہ حق بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کے حوالے سے یومِ تشکر کی ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سفارتی افسران، کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، اور تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس میں سفیرِ پاکستان جناب احمد فاروق نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں پرچم بلند کیا۔ مسلح افواج کے دستوں نے اس موقع پر بھرپور انداز میں شرکت کر کے اپنی یکجہتی اور عزم کا اظہار کیا۔

اپنے خطاب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کر کے خطے میں اپنی طاقت کے بل بوتے پر اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کی، مگر پاکستانی قوم، سیاسی قیادت اور افواج پاکستان نے متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بروقت، دلیرانہ اور پیشہ ورانہ فیصلوں کے ذریعے ملک کو سرخرو کیا۔

تقریب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر ایک مقامی گلوکار نے ملی نغمے پیش کیے، جس سے شرکاء کے جوش و جذبے میں مزید اضافہ ہوا۔ ہال پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا۔

یہ تقریب نہ صرف قومی یکجہتی اور قربانیوں کے اعتراف کا مظہر تھی بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن سے محبت اور وابستگی کا ثبوت بھی پیش کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں