جدہ (نورالحسن گجر سے )
سعودی عرب میں مقیم پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری، قومی یکجہتی، اور دفاعی محاز پر کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں "پاکستان کا فخر” قرار دیا۔
کمیونٹی کے صدر تصور چوہدری، سینئر نائب صدر ملک جاوید حسین، اور دیگر ارکان نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر قوم ہے، جس کی طاقت اس کے عوام اور افواج کی یکجہتی میں پنہاں ہے۔
بیان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پاکستان کے وژن کو سلام پیش کیا گیا، جس کے تحت ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی گئی۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ بھٹو نے دشمن کی "گھٹیا سوچ” کو بھانپتے ہوئے پاکستان کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جان تک قربان کر دی۔
تصور چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور وقار کے معاملے میں تمام مذہبی و سماجی گروہوں یکجہتی ضروری ہے۔ انہوں نے حالیہ دفاعی کامیابیوں کو "معرکہ حق بنیان مرصوص” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ بیان میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی، نیز فضائیہ اور دیگر افواج کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کو ناکام بنا کر اس کے دفاعی نظام کو "ناقابل تلافی نقصان” پہنچایا ہے۔
خیال رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ صورتحال سے دوچار ہیں۔ پیپلز کمیونٹی کے ارکان نے عزم ظاہر کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حیثیت سے ہر محاز پر اپنی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔