رپورٹ جدہ سے عاطف خان تنولی
پاکستانی قونصلیٹ جدہ کے زیرِ اہتمام "یومِ تشکر” کی پروقار تقریب – افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین، قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار
پاکستانی قونصلیٹ جدہ کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل اسکول، جدہ میں "یومِ تشکر” کے عنوان سے ایک شاندار اور پرجوش تقریب منعقد کی گئی، جس میں افواجِ پاکستان کو آپریشن "بنیان المرصوص” کی شاندار کامیابیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نہ صرف افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا بلکہ قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاک سعودی دوستی کے جذبے کو فروغ دینا بھی تھا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، قونصلیٹ کے اعلیٰ افسران، افواجِ پاکستان کے نمائندگان، اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسکول کو قومی پرچموں اور حب الوطنی کے نعروں سے سجایا گیا، جبکہ شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل جدہ، جناب خالد مجید نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی، اپنے مادرِ وطن اور اس کے محافظوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے قومی یکجہتی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ ملک کی ترقی و استحکام کا ضامن ہے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی، مسعود احمد پوری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری سے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں پاکستانی قوم اور افواج ان کے ساتھ ہیں
اس موقع پر پاکستانی اسکول کے طلبہ و طالبات نے افواجِ پاکستان کی وردی میں ملبوس ہو کر ایک خوبصورت اور جذبات سے لبریز ٹیبلو پیش کیا، جسے شرکاء نے بھرپور داد دی۔ اس کے علاوہ معروف پاکستانی گلوکار نعیم سندھ نے ملی نغمے پیش کیے جنہوں نے حاضرین کے جوش و ولولے کو نئی توانائی بخشی۔
28 مئی "یومِ تکبیر” کے حوالے سے خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں، جنہوں نے شرکاء کے جذبۂ حب الوطنی کو مزید تقویت دی۔ ان ویڈیوز میں پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کے حصول، اس کی اہمیت اور قومی سلامتی میں اس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر پریس قونصلر عرفان چوہدری نے اردو اور عربی زبان میں پاک سعودی دوستی پر مبنی خصوصی ترانہ پیش کیا، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے لیے نہ صرف حب الوطنی کا اظہار تھی بلکہ قومی اداروں سے والہانہ وابستگی، اور وطنِ عزیز کے دفاع پر فخر کا عملی مظاہرہ بھی۔ قونصلیٹ جدہ کی اس کاوش کو ہر سطح پر سراہا گیا اور اسے ایک یادگار دن قرار دیا گیا ،