جدہ (نمائندہ خصوصی) — جدہ میں ایک خوبصورت اور یادگار محفل کا انعقاد ہوا جس میں بورے والا کی ممتاز کاروباری شخصیت اور انویسٹر فورم کے سینئر رکن ملک عمر فاروق نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے ممتاز ماہرِ تعلیم و سماجی رہنما چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا۔
تقریب میں سعودی عرب کی روایتی مہمان نوازی کے ساتھ کمیونٹی کے رہنماؤں اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے نہ صرف آپس میں ملاقات اور تعلقات کو مضبوط کیا بلکہ کمیونٹی کے اتحاد و یگانگت کے فروغ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تقریب کے مہمانانِ گرامی میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین، صدر پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود دھول،مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اکرم گجر، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، یارانِ جدہ گروپ کے اراکین اور دیگر ممتاز کاروباری و سماجی رہنما شامل تھے۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل طاہر، چوہدری اظہر وڑائچ، چوہدری اکرم گجر، چوہدری شفقت محمود اور سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کی علمی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ چوہدری اللہ دتہ وڑائچ نے ہمیشہ خدمتِ انسانیت کو مقدم رکھا اور عمرہ کی سعادت ان کے لیے روحانی انعام ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
میزبان ملک عمر فاروق نے اپنے خطاب میں معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ایسے اجتماعات کمیونٹی کے اندر اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے یہ عزم بھی دہرایا کہ اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کے حل اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
اختتامی کلمات میں چوہدری اللہ دتہ وڑائچ نے پرتکلف عشائیے اور شاندار میزبانی پر میزبان ملک عمر فاروق اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدہ کی کمیونٹی اتحاد اور بھائی چارے کی ایک بہترین مثال ہے، اور اجتماعی کاوشیں ہمیشہ کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہوتی ہیں۔