جدہ (نورالحسن گجر سے) کبابش آرٹس کونسل جدہ اور عالمی حلقۂ فکر و فن کے زیرِ اہتمام یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کے معروف شاعر ندیم بھابھہ نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں جبکہ پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نمائندگی عرفان چوہدری نے کی۔ اعزازی مہمان کی حیثیت سے ممتاز سماجی شخصیت اور ماہرِ تعلیم چوہدری اللہ دتہ وڑائچ شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض آفتاب ترابی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے، ہدیۂ نعت عمران شاہ نے پیش کیا جبکہ خطبۂ استقبالیہ علی خورشید سلطان نے دیا۔
مقررین نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اپنے ان بہادر سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ مشاعرے کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر جدہ کے میزبان شعراء تاشفین سید، فیصل طفیل اور آفتاب ترابی نے وطن سے محبت اور قربانی کے جذبے پر مبنی کلام پیش کر کے داد سمیٹی۔ مہمانِ خصوصی ندیم بھابھہ نے اپنے منفرد اسلوب اور بلیغ کلام سے حاضرین کو مسحور کر دیا۔ ان کی شاعری میں وطن دوستی، فکری گہرائی اور لطافت کا حسین امتزاج تھا، جس پر سامعین نے بھرپور داد دی۔
صدارتی کلمات میں اشفاق بدایونی نے کہا کہ یہ مشاعرہ جدہ کی ادبی تاریخ میں ایک یادگار اضافہ ہے۔ انہوں نے منتظمین علی خورشید سلطان اور آفتاب ترابی کو کامیاب تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور آفتاب ترابی کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ندیم بھابھہ کی آمد کو تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کلام دلوں کو چھو لینے والا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ندیم بھابھہ کو تحائف پیش کیے گئے اور یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ بعد ازاں شرکائے محفل کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا جبکہ اختتامی دعائیہ کلمات قاری عبدالباسط نے ادا کیے۔