عنصر اقبال مغل کی جانب سے چوہدری اللہ دتہ وڑائچ اور چوہدری مھدی حسن کے اعزاز میں شاندار عشائیہ

فیس بک
ٹویٹر
وٹس ایپ
WhatsApp Image 2025-10-12 at 16.00.16_a84448d1

جدہ (نورالحسن گجر) — جدہ میں مقیم گجرات کی نوجوان کاروباری شخصیت اور پاکستان انویسٹرز فورم کے سینئر رکن عنصر اقبال مغل کی جانب سے چوہدری اللہ دتہ وڑائچ اور چوہدری مھدی حسن کے اعزاز میں ایک پُروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ دونوں شخصیات حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب تشریف لائی تھیں۔

یہ تقریب جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک یادگار اور خوشگوار شام ثابت ہوئی، جس میں کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، سیاسی و سماجی رہنما اور عنصر اقبال مغل کے قریبی دوست بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت چوہدری ذوالفقار گوندل نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض چوہدری ظہیر احمد (جنرل سیکریٹری، پاکستان قومی یکجہتی فورم) نے بخوبی انجام دیے۔

اس موقع پر چوہدری اکرم گجر (چیئرمین مسلم لیگ ن سعودی عرب)، چوہدری اظہر عباس وڑائچ (چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم)، اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے مہمانانِ خصوصی چوہدری اللہ دتہ وڑائچ اور چوہدری مھدی حسن کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی سماجی و کمیونٹی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

مقررین نے اپنے خطابات میں چوہدری مھدی حسن کی جدہ میں قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے لیے کی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس موقع پر چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کی گجرات میں سماجی و فلاحی کاموں کا بھی خصوصی تذکرہ کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا اتحاد ہی اس کی اصل طاقت ہے، اور اسی جذبے کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تقریب کے دوران شرکاء نے افواجِ پاکستان کی جانب سے حالیہ دفاعی کامیابیوں اور افغانستان کے خلاف جوابی کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

اختتامی کلمات میں چوہدری اللہ دتہ وڑائچ اور چوہدری مھدی حسن نے میزبان عنصر اقبال مغل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دیارِ غیر میں اس طرح کی تقریبات نہ صرف اپنوں سے ملاقات کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ کمیونٹی کے اتحاد و یکجہتی کو بھی فروغ دیتی ہیں ۔
آخر میں میزبان عنصر اقبال مغل نے مہمانوں کو عمرہ اور روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات پاکستانی کمیونٹی کے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ایک مثبت سماجی فضا کو جنم دیتی ہیں۔

متعلقہ خبریں