جدہ ( نورالحسن گجر سے) — بورے والا سے تعلق رکھنے والی جدہ کی معروف نوجوان کاروباری شخصیت منیر احمد سیال نے گجرات کی ممتاز سماجی و کمیونٹی رہنما چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کے اعزازh میں ایک پُروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا۔
تقریب میں یارانِ جدہ گروپ کے اراکین سمیت کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا ماحول برادرانہ محبت، خلوص اور اتحاد کے جذبات سے لبریز رہا۔
اس موقع پر میزبان منیر احمد سیال نے چوہدری اللہ دتہ وڑائچ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کمیونٹی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "چوہدری اللہ دتہ وڑائچ نے ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، فلاح و بہبود اور یکجہتی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔”
تقریب سے سابق مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "میں جدہ کی پوری پاکستانی کمیونٹی کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے میرے والد محترم کا شاندار استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں متعدد تقریبات منعقد کیں۔ یہ محبتیں ہم ہمیشہ یاد رکھیں گے۔”
تقریب کے مہمانِ خصوصی چوہدری اللہ دتہ وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ "پاک سرزمین چھوڑنے کو دل نہیں چاہتا، مگر وطن واپسی لازم ہے۔ جس محبت، عزت اور خلوص سے جدہ کی کمیونٹی نے میرا استقبال کیا، وہ ہمیشہ یادگار رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمارے اس اتحاد اور بھائی چارے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔”
واضح رہے کہ چوہدری اللہ دتہ وڑائچ گزشتہ ایک ماہ سے عمرہ کی ادائیگی کے سلسلے میں جدہ اور مکہ مکرمہ میں مقیم تھے، اس دوران ان کے اعزاز میں کمیونٹی کی جانب سے دو درجن سے زائد تقریبات منعقد کی گئیں، جو جدہ کی کمیونٹی کی تاریخ کا ایک درخشاں باب بن گئی ہیں۔