جدہ (نورالحسن گجر سے)
پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور لکی رانی سرکس کے منیجنگ ڈائریکٹر میاں امجد فرزند کے اعزاز میں چئیرمین مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن میاں رضوان الحق اور ممبر چوہدری رضوان جٹ کی جانب سے ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چئیرمین مسلم لیگ (ن) چوہدری اکرم گجر، سینئر نائب صدر فاروق انجم، نائب صدر نور محمد آرائیں اور چوہدری عبدالوحید سمیت مسلم لیگ (ن) جدہ ریجن کی سینئر قیادت نے خصوصی شرکت کی۔
عشائیے کے آغاز میں میاں رضوان الحق نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور میاں امجد فرزند کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے میاں امجد کی سماجی اور کاروباری خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی اپنے مثبت کردار اور تعاون کی وجہ سے ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔
اس موقع پر میاں امجد فرزند نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:
"پردیس میں اس طرح کی محفل کا انعقاد اور دیرینہ دوستوں سے ملاقات دلی مسرت کا باعث ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم اپنے وطن میں موجود ہوں۔ میں تمام احباب کا دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھے محبت اور عزت دی۔”
تقریب کے دوران دیگر مقررین نے بھی میاں امجد فرزند کو عمرہ کی مبارکباد دی اور ان کے ساتھ گزری پرانی یادوں کا تذکرہ کر کے محفل کو خوشگوار بنا دیا۔
عشائیہ کے اختتام پر چوہدری رضوان جٹ نے تمام معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف بھائی چارے کو فروغ دیتی ہیں بلکہ پردیس میں پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔