جدہ (نمائندہ خصوصی) ─ پاکستان کے 60ویں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر قونصلیٹ جنرل جدہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قونصلیٹ کے افسران، عسکری حکام اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل جدہ خالد مجید نے افواجِ پاکستان کے بہادر سپاہیوں اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ مادرِ وطن کی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ قونصل جنرل نے قوم پر زور دیا کہ اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت جاری رکھیں۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ، مسعود پوری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی تاریخی فتوحات اور حالیہ کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے اور حالیہ سیلابی صورتحال میں عوام کو ایک دوسرے کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکولز کے طلباء نے حب الوطنی پر مبنی تقاریر پیش کیں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھی ملکی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
تقریب کا اختتام پاکستان، کشمیر اور فلسطین کے شہداء سمیت امتِ مسلمہ کی سلامتی و ترقی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔