اسلام آباد
صوبہ ہزارہ تحریک کے چئیرمین سردار محمد یوسف، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود، سابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی، سابق سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سجاد اعوان، مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر،کوآرڈی نیٹر قاری محبوب الرحمن نے صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماء سید رفیع اللہ شیرازی کو پنجاب پولیس کے ایک اعلی افسر کی طرف سے اغواء اور حبس بے جا میں رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے ایک مشترکہ بیان صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ قانون کے رکھوالوں کی طرف قانون کے ساتھ کھلواڑ کا فوری طور پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ کاروباری لین دین کو غنڈہ گردی کی بجائے کاروباری طریقوں سے حل کیا جانا چاہیے۔صوبہ ہزارہ تحریک کے رہنماؤں نے وزیر اعلٰی پنجاب،آئی جی پنجاب،وفاقی وزیر داخلہ سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ایک مہذب معاشرہ کسی طور پر بھی اس طرح کے اقدامات کی اجازت نہیں دے سکتا۔لہذا حکومت وقت کا فرض ہے کہ وہ کسی افسر کو من مانی نہ کرنے دے.