امریکہ کے 39ویں صدر جمی کارٹر 100 برس کی عمر میں اتوار کی سہ پہر جارجیا کے علاقے پلینز میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔ کارٹر سینٹر کے مطابق، وہ اپنے خاندان کے درمیان آخری لمحات گزارنے کے بعد دنیا سے رخصت ہوئے۔
ان کے بیٹے نے اپنے والد کو امن، انسانی حقوق، اور بے لوث محبت کے لئے ایک ہیرو قرار دیا اور کہا کہ جمی کارٹر ہمیشہ ایسے لوگوں کے لئے مشعلِ راہ رہیں گے جو ان اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔
مارچ 2019 میں جمی کارٹر نے جارج ایچ ڈبلیو بش کو پیچھے چھوڑ کر امریکہ کے سب سے طویل العمر صدر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ امریکی تاریخ کے پہلے صدر تھے جنہوں نے 100 برس کی عمر کا سنگِ میل عبور کیا۔
جمی کارٹر کی طویل عمر اور انسانی خدمت کے حوالے سے دنیا بھر میں ان کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے، اور ان کے انتقال پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔