دوحہ: اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس کے رہنماؤں کی رہائشی عمارت کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہدف حماس کا مذاکراتی وفد تھا جو جنگ بندی تجاویز پر غور کے لیے اجلاس میں مصروف تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد عمارت سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل امریکہ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا۔ حماس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے کسی رہنما کو نقصان نہیں پہنچا، تاہم بعض عرب ذرائع نے رپورٹ کیا ہے کہ خلیل الحیہ اور ظاہر جبارین سمیت متعدد فلسطینی رہنما جاں بحق ہوئے ہیں۔
قطر نے فضائی حملے کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے، جب کہ اقوام متحدہ اور عرب ممالک نے بھی شدید مذمت کی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس واقعے سے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ بندی مذاکرات مزید متاثر ہو سکتے ہیں۔