جدہ:(نامہ نگار )سعودی عرب کے 95 ویں یومِ الوطنی کے موقع پر پاکستان انویسٹر فورم کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی شہزادہ سعود بن سیف الاسلام بن عبدالعزیز تھے۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سمیت سیاسی، سماجی اور سفارتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات، ثقافتی ہم آہنگی، معاشی تعاون اور باہمی محبت کو اجاگر کیا گیا جبکہ یومِ الوطنی کا کیک بھی کاٹا گیا۔
خطاب کرتے ہوئے شہزادہ سعود بن سیف الاسلام بن عبدالعزیز نے کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کے مشکور ہیں جو ہماری خوشیوں میں بھرپور انداز سے شریک ہوتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق اخوت اور بھائی چارے کا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔
تقریب سے سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق، قونصل جنرل جدہ خالد مجید، صدر انویسٹرز فورم سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے سعودی عوام کو یومِ الوطنی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ معاشی معاہدے اس امر کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب دل و جان کا رشتہ رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشکور ہیں جنہوں نے ان معاہدوں کے ذریعے لاکھوں پاکستانیوں کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع فراہم کیے۔
مقررین نے کہا کہ ہم اپنے سعودی بھائیوں کی خوشیاں ایسے ہی مناتے ہیں جیسے پاکستان کا یومِ آزادی 14 اگست کو مناتے ہیں۔
تقریب میں معروف پاکستانی گلوکار نعیم سندھی اور عربی بینڈ نے ملی نغمے پیش کرکے شرکاء کو محظوظ کیا اور محفل کو چار چاند لگا دیے۔