پیرس( بلال محمد خان سے )
پاکستان کو 2027 -2023کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے ایگزیکٹو بورڈ کے لیے دوبارہ منتخب کر لیا گیا۔ پیرس سے موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کا دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ میں اس کی دیرینہ حمایت اور تعمیری کردار کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان یونیسکو کے مینڈیٹ کو تقویت دینے اور مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان رکن ممالک کی حمایت اور اس کی امیدواریت پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہے ،
دوبارہ ایگزیکٹیو بورڈ میں خدمات انجام دینے کی ذمہ داری سونپی جانا انتہائی فخر کی بات ہے۔ پاکستان اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پالیسی سازی، معیارات کی ترقی، عالمی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور تنظیم کے پروگراموں اور سرگرمیوں کی موثر نگرانی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
بیان کے مطابق پاکستان بنی نوع انسان کی فکری اور اخلاقی یکجہتی کو فروغ دینے اور تعلیم، سائنس، ثقافت اور مواصلات کے ذریعے عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک عالمی فورم کے طور پر یونیسکو کے ہمیشہ سےاہم کردار کی قدر کرتا ہے۔
کثیرالجہتی کے پرجوش حامی کے طور پر پاکستان خطوں میں روابط استوار کرکے اور کلیدی امور پر اتفاق رائے پیدا کرتے ہوئے ایک شراکت دار کے طور پر یونیسکو میں اجتماعی کوششوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کرے گا، پاکستان ایس آئی ڈی ایس آپریشنل حکمت عملی اور عالمی ترجیحات اور صنفی مساوات کے لیے فعال تعاون جاری رکھے گا۔
فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کے ایک ٹویٹ کے مطابق پاکستان گروپ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے یونیسکو کے ایگزیکٹو بورڈ کے لیے دوبارہ منتخب ہو گیا۔ ہم رکن ممالک کے تعاون اور اعتماد کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ پاکستان مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔