پیرس: لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری گروپ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے پس منظر میں، فرانس کی میزبانی میں ایک بین الاقوامی امدادی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں لبنان کے جنگ سے متاثرہ عوام کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کا وعدہ کیا گیا۔
کانفرنس کی اختتامی تقریر میں فرانسیسی وزیر خارجہ ژان نوئیل بیروتے نے کہا، "ہم نے مجموعی طور پر 800 ملین ڈالر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور 200 ملین ڈالر لبنانی سکیورٹی فورسز کے لیے جمع کیے ہیں۔” بیروتے نے مزید کہا کہ عالمی برادری ان مشکل حالات میں لبنان کے ساتھ کھڑی ہے اور "ہم اس چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔”
کانفرنس کا آغاز فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے کیا، جنہوں نے لبنانی عوام کے لیے 100 ملین یورو (108 ملین ڈالر) کے اضافی امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ لبنان کی موجودہ مشکل صورتحال میں مدد کے لیے متحد ہوں۔