نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 21 اور 22 دسمبر کو کویت کا دو روزہ دورہ کریں گے، جو گزشتہ 43 سالوں میں کسی بھارتی وزیر اعظم کا پہلا دورۂ کویت ہوگا۔ اس سے قبل 1981 میں وزیر اعظم اندرا گاندھی نے کویت کا دورہ کیا تھا۔
کویت میں 10 لاکھ سے زائد بھارتی شہری مقیم ہیں، جو ملک کی سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہیں۔ یہ تعداد کویت کی 43 لاکھ آبادی کا تقریباً 21 فیصد اور افرادی قوت کا 30 فیصد بنتی ہے۔
وزیر اعظم مودی یہ دورہ کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران وہ کویتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور وہاں مقیم بھارتی برادری سے بھی خطاب کریں گے۔
بھارت اور کویت کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہیں، جہاں دو طرفہ تجارت 2023-24 میں تقریباً 10.4 ارب ڈالر رہی۔ ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی، خاص طور پر توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات روشن ہیں۔
یہ دورہ بھارت کی عرب ریاستوں کے ساتھ معیشت پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں بھارت کی سفارتی سرگرمیوں میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔